*اللہ کا خوف پیدا کرنے والی نایاب تحریر👇*

*👈(جہنم کیا ہے)👇*
اللہ  تَعَالٰی نے کافروں ، مشرکوں ، منافقوں اور دوسرے مجرموں اور گناہ گاروں کو عذاب اور سزا دینے کیلئے آخرت میں جو ایک نہایت ہی خوفناک اور بھیانک مَقام تیار کر رکھا ہے اُس کا نام ’’ جہنم‘‘ ہے اور اُسی کو اُردو میں ’’دوزخ‘‘ بھی کہتے ہیں ۔

*👈(جہنم کہاں ہے)👇*
ایک قول یہ ہے کہ ’’دوزخ‘‘ ساتویں زمین کے نیچے ہے۔  (شرح العقائد النسفیۃ، قولہ والجنۃ حق...الخ، حاشیہ۹، ص۱۰۵)

*👈(جہنم کے طبقا ت)👇*
قرآن مجید کی آیت مبارکہ ہے :
لَهَا سَبْعَةُ اَبْوَابٍؕ-لِكُلِّ بَابٍ مِّنْهُمْ جُزْءٌ مَّقْسُوْمٌ۠(۴۴) (پ۱۴، الحجر : ۴۴)
*ترجمۂ کنز الایمان:* اس کے سات دروازے ہیں ہر دروازے کے لئے ان میں سے ایک حصہ بٹا ہواہے۔
ا س آیت کی تفسیر میں
مفسرین کا قول ہے کہ *جہنم کے سات طبقات ہیں* جن کے نام یہ ہیں:
(1) جَہَنَّم
(2) لَظٰی
(3) حُطَمَہ
(4) سَعِیْر
(5) سَقَر
(6) جَحِیْم
(7) ہَاوِیَہ

پوری آیت کا خلاصۂ مطلب یہ ہے کہ شیطان کی پیروی کرنے والے بھی سات حصوں میں منقسم ہیں ان میں سے ہر ایک کیلئے جہنم کا ایک طبقہ معین ہے۔
(حاشیۃ الصاوی علی الجلالین، ج۳، ص۱۰۴۳، پ۱۴، الحجر : ۴۴)

*👈(جہنم کی خوفناک شکل)👇*
حدیث شریف میں ہے کہ جہنم جب قیامت کے دن اپنی جگہ لائی جائے گی تو اس کو ستر ہزار لگامیں لگائی جائیں گی اور ہر لگام کو ستر ہزار فرشتے کھینچتے ہوں گے۔  
(صحیح مسلم، کتاب الجنۃوصفۃ...الخ، باب فی شد ۃحر جہنم ، الحدیث ۲۸۴۲، ص۱۵۲۳)

*👈(جہنم کا داروغہ)👇*
جہنم کے داروغہ کا نام ’’مالک‘‘ علیہ السلام ہے۔ یہ ایک فرشتہ ہیں اِن ہی کے زیر اہتمام دوزخیوں کو ہر قسم کا عذاب دیا جائے گا۔

*👈(عذاب جہنم کی چند صورتیں)👇*
جہنم میں دوزخیوں کو طرح طرح کے خوفناک اور بھیانک عذا ب میں مبتلا کیا جائے گا۔ اُن عذابوں کی قسموں اور اُن کی کیفیتوں کو خداو ند ِ علامُ الغیوب کے سوا کوئی نہیں جانتا۔ جہنم میں دی جانیوالی سزاؤں کو دنیا میں کوئی سوچ بھی نہیں سکتا۔ عذاب کی چندصورتیں ہیں جن کا حدیثوں میں تذکرہ آیا ہے اُن میں سے بعض یہ ہیں۔

*👈(آگ کا عذاب)👇*
دوزخیوں کو جہنم کی آگ میں بار بار جلایا جائے گا جب وہ جل بھن کر کوئلہ ہو جائیں گے تو پھر دوبارہ ان کو نئے گوشت اور نئے چمڑے کے ساتھ زندہ کیا جائے گا اور پھر اُن کو آگ میں جلایا جائے گا یہ عذاب بار بار ہوتا رہے گا۔ جہنم کی آگ کی گرمی کا یہ عالم ہے کہ حضور اکرم  صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ  نے فرمایا کہ فرشتوں نے ایک ہزار برس تک جہنم کی آگ کو بھڑکایا تو وہ سرخ ہو گئی، پھر دوبارہ ایک ہزار برس تک بھڑکائی گئی تو وہ سفید ہو گئی، پھر تیسری بار جب ایک ہزار برس تک بھڑکائی گئی تو وہ کالے رنگ کی ہو گئی تو وہ نہایت ہی خوفناک سیاہ رنگ کی ہے۔          
 (سنن الترمذی، کتاب صفۃ جہنم، باب منہ، الحدیث۲۶۰۰، ج۴، ص۲۶۶)

ایک دوسری حدیث میں ہے کہ جہنم کی آگ کی گرمی دُنیا کی آگ کی گرمی سے اُنہتر درجے زیادہ ہے۔  (صحیح البخاری، کتاب بدء الخلق، باب صفۃالنار...الخ، الحدیث۳۲۶۵، ج۲، ص۳۹۶)

ایک دوسری حدیث میں یہ بھی ہے کہ جہنم میں آگ کا ایک پہاڑ ہے جس کی بلندی ستر برس کا راستہ ہے، اس پہاڑ کا نام صعود ہے۔ دوزخیوں کو اس کے اُوپر چڑھایا جائے گا توستر برس میں وہ اُس کی بلندی پر پہنچیں گے پھر اُن کو اُوپر سے گرایا جائے گا تو ستر برس میں نیچے پہنچیں گے۔ اِسی طرح ہمیشہ عذاب دیا جاتا رہے گا۔
(مشکوۃ المصابیح، کتاب صفۃ القیامۃ...الخ، باب صفۃالنار...الخ، الفصل الثانی، الحدیث : ۵۶۷۷، ج۳، ص۲۳۶۔سنن الترمذی، کتاب صفۃ جہنم، باب فی صفۃ قعر جہنم، الحدیث۲۵۸۵، ج۴، ص۲۶۰)

یہ بھی حدیث میں آیا ہے کہ دوزخی جہنم کی آگ میں جھلس کر ایسے مسخ ہو جائیں گے کہ اوپر کا ہونٹ سکڑ کر آدھے سر تک پہنچ جائے گا اور اسی طرح نچلا ہونٹ لٹک کر ناف تک پہنچ جائے گا۔
( سنن الترمذی، کتاب صفۃ جہنم، باب ما جاء فی صفۃ طعام  اہل النار، الحدیث۲۵۹۶، ج۴، ص۲۶۴)

یہ بھی روایت ہے کہ جہنم میں ایک تنور ہے جو اندر سے بہت چوڑا اور اُوپر سے بہت کم چوڑا ہے اُس میں زنا کار عورتوں اور مردوں کو ڈال دیا جائے گا تو آگ کے شعلوں میں وہ سب جلتے ہوئے تنور کے منہ تک اوپر آجائیں گے پھر ایک دم وہ شعلے بجھ جائیں گے تو وہ سب اوپر سے نیچے تنور کی گہرائی میں گر پڑیں گے۔
(صحیح البخاری، کتاب الجنائز، ۹۳ باب، الحدیث۱۳۸۶، ج۱، ص۴۶۷ ملخصاً)

*👈(خونیں دریا کا عذاب)👇*
کچھ دوزخیوں کو خون کے دریا میں ڈال دیا جائے گا تو وہ تیرتے ہوئے کنارہ کی طرف آئیں گے تو ایک فرشتہ ایک پتھر کی چٹان اُن کے منہ پر اِس زور سے مارے گا کہ وہ پھر بیچ دریا میں پلٹ کر چلے جائیں گے۔ بار بار یہی عذاب اُن کو دیا جاتا رہے گا۔ یہ سود خوروں کا گروہ ہو گا۔(صحیح البخاری، کتاب الجنائز، ۹۳ باب، الحدیث ۱۳۸۶، ج۱، ص۴۶۷)

*👈(گلپھڑے چیرنے کا عذاب)👇*
کچھ لوگوں کو جہنم میں اس طرح عذاب دیا جائے گا کہ ایک فرشتہ اُن کو لٹا کر ایک سنسی اُن کے منہ میں ڈالے گا اور ایک گلپھڑے کو اس قدر پھاڑ دے گا کہ اُس کا شگاف اُس کے سر کے پچھلے حصہ تک پہنچ جائے گا، پھر اِسی طرح دوسرے گلپھڑے کو پھاڑ دے گا جب تک پہلا گلپھڑا درست ہو جائے گا پھر اِس کو پھاڑ دے گا اِسی طرح گلپھڑے درست ہوتے رہیں گے اور وہ فرشتہ اُن کو سنسی کی پکڑ سے چیرتا اور پھاڑتا رہے گا۔ یہ جھوٹ بولنے والوں کا گروہ ہو گا۔
(المرجع السابق)   

*👈(پتھراؤ کا عذاب)👇*
کچھ جہنمیوں کو اِس طرح کا عذاب دیا جائے گا کہ ایک فرشتہ اُن کو لٹا کر اُن کے سروں پر ایک پتھر اِس زور سے مارے گا کہ اُن کا سر کچل جائے گا اور وہ پتھر لڑھک کر کچھ دور چلا جائے گا پھر وہ فرشتہ جب تک اُس پتھر کو اُٹھا کر لائے گا اُس کے سر کا زخم اچھا ہو چکا ہو گا پھر وہ پتھر مارے گا تو سر کچل جائے گا اور پتھر پھر لڑھک کر دور چلا جائے گا پھر فرشتہ پتھر اُٹھا کر لائے گا اور پھر وہ پتھر مار کراُس کا سر کچل دے گا اِسی طرح لگا تار یہی عذاب ہوتا رہے گا۔
(المرجع السابق)

*👈(مُنہ نوچنے کا عذاب)👇*
یہ بھی حدیث میں آیا ہے کہ رسول اللہ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ شب معراج میں ایک ایسی قوم کے پاس سے گزرے جو (جہنم میں ) تانبے کے ناخنوں سے اپنے چہروں اور سینوں کو نوچ رہے تھے۔ تو آپ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ    نے پوچھا کہ اے جبریل! یہ کون لوگ ہیں؟ تو حضرت جبریل علیہ السلام نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو آدمیوں کا گوشت کھاتے تھے ( یعنی لوگوں کی غیبت کرتے تھے ) اور لوگوں کی آبروریزی کرتے تھے۔
(سنن ابی داود، کتاب الادب، باب فی الغیبۃ، الحدیث۴۸۷۸، ج۴، ص۳۵۳)

*👈(سانپ بچھو کا عذاب)👇*
حدیث میں ہے کہ عجمی اُونٹوں کے مثل بڑے بڑے سانپ ہوں گے جو جہنمیوں کو ڈستے ہوں گے وہ ایسے زہریلے ہوں گے کہ اگر ایک مرتبہ کاٹ لیں گے تو چالیس برس تک اُن کے زہر کا درد نہیں جائے گا اور لگام لگائے ہوئے خچروں کے برابر بڑے بڑے بچھو دوزخیوں کو ڈنک مارتے رہیں گے کہ ایک مرتبہ اُن کے ڈنک مارنے کی تکلیف چالیس برس تک باقی رہے گی۔
(مشکوۃ المصابیح، کتاب صفۃ القیامۃ.....الخ، باب صفۃ النار.....الخ، الفصل الثالث، الحدیث : ۵۶۹۱، ج۳، ص۲۴۰ المسند للامام احمدبن حنبل، مسند الشامیین، حدیث عبد   اللہ  بن الحارث، الحدیث۱۷۷۲۹، ج۶، ص۲۱۶)

بعض دوزخیوں کے گلے میں سانپوں کا طوق پہنا دیا جائے گا جو نہایت ہی زہریلے ہوں گے اور وہ لگاتار کاٹتے رہیں گے۔

*👈(حلق میں پھنسنے والے کھانوں کا عذاب)👇*
دوزخیوں کو حلق میں پھنسنے والا کھانا کھلایا جائے گا جو اُن کے حلق میں پھنس جائے گا اور اُن کا دم گھٹنے لگے گا تو وہ پانی مانگیں گے اُس وقت اُن کے سامنے اِتنا گرم پانی پیش کیا جائے گا جس کی گرمی کا یہ عالم ہو گا کہ برتن منہ کے سامنے لاتے ہی چہرہ کی پوری کھال جل بھن کر اور پگھل کر برتن میں گر جائے گی اور جب یہ پانی پیٹ میں جائے گا تو پیٹ کے اندر کے تمام اعضاء آنتوں وغیرہ کو جلا کر ٹکڑے ٹکڑے کر کے اُن کے پیروں پر گرا دے گا۔
(سنن الترمذی، کتاب صفۃ جہنم، باب ماجاء فی صفۃ طعام اہل النار، الحدیث۲۵۹۵، ج۴، ص۲۶۳)
قرآن مجید میں ہے کہ زقوم ( تھوہڑ) کادرخت جہنمیوں کو کھلایا جائے گا۔
(پ۲۵، الدخان : ۴۳، ۴۴)

اور حدیث میں ہے کہ اگر زقوم کا ایک قطرہ زمین پر گر پڑے تو دنیا والوں کے کھانے پینے کی تمام چیزوں کو تلخ اور بدبودار بنا کر خراب کر دے۔
(سنن الترمذی، کتاب صفۃجہنم،
باب ماجاء فی صفۃشراب اہل النار، الحدیث۲۵۹۴، ج۴، ص۲۶۳)

*👈(گرم پا نی ا و ر پیپ کا عذاب)👇*
دوزخیوں کو گرم پانی جو روغن زیتون کے تلچھٹ کی طرح گندہ ہوگا پینا پڑے گا جو منہ کے قریب لاتے ہی چہرے کی پوری کھال کو پگھلا کر گرا دے گا اور یہی گرم پانی اُن کے سروں پر ڈالا جائے گا تویہ پانی پیٹ میں داخل ہو کر پیٹ کے اندر کے تمام اعضاء کو ٹکڑے ٹکڑے کر کے ان کے قدموں پرگرا دے گا۔
(سنن الترمذی، کتاب صفۃ جہنم، باب ما جاء فی صفۃ شراب اہل النار، الحدیث۲۵۹۰، ۲۵۹۱ج۴، ص۲۶۱)

اِسی طرح دوزخیوں کو جہنمیوں کے بدن کا پیپ اور پنچھا بھی پلایا جائے گا۔ جس کو ’’غساق‘‘ کہتے ہیں۔ اُس کی بدبو کا یہ حال ہو گا کہ اگر ایک ڈول ’’غساق‘‘ دنیا میں گرا دیا جائے تو تمام دنیا بدبو سے بھر جائے۔
(سنن الترمذی، کتاب صفۃ جہنم، باب ما جاء فی صفۃ شراب اہل النار، الحدیث۲۵۹۳، ج۴، ص۲۶۳)

الحاصل جہنم میں طرح طرح کے عذابوں کے ساتھ دوزخیوں کو عذاب دیا جائے گا اور جس طرح جنت کی نعمتوں کو نہ کسی آنکھ نے دیکھا ہے نہ کسی کان نے سنا ہے نہ کسی کے دل میں اُس کا خیال گزرا ہے اِسی طرح جہنم کے عذابوں کو بھی نہ کسی آنکھ نے دیکھا ہے نہ کسی کان نے سنا ہے نہ کسی کے دل میں اُس کا خیال گزرا ہے۔

غرض جہنم میں قسم قسم کے ایسے ایسے بے مثل و بے مثال عذابوں کی بھرمار ہو گی کہ دنیا میں اُس کی مثال تو کہاں، کوئی اُن کو سوچ بھی نہیں سکتا۔

اُوپر جو کچھ ہم نے تحریر کیا ہے وہ صرف سمجھانے کیلئے چند مثالیں لکھ دی ہیں، ورنہ جو کچھ لکھا گیا ہے وہ جہنم کےعذابوں کا ہزارواں حصہ بھی نہیں۔ بس اُس کی مقدار اور کیفیتوں اور قسموں کو تو صرف اللہ تَعَالٰی ہی جانتا ہے۔ اللہ تَعَالٰی ہر مسلمان کو جہنم کے عذابوں سے بچائے اور ایسے اعمال سے محفوظ رکھے جو جہنم میں لے جانے والے ہیں۔

Post a Comment

جدید تر اس سے پرانی